پہلے مرحلے میں مدرسہ کرکٹ لیگ کا افتتاحی میچ مظفرآباد کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا
دینی مدارس کے طلبہ میں کھیلوں کا شعور اجاگر کیا جائے گا۔ علامہ میر آصف اکبر
لاہور (6 جون 2022) نظام المدارس پاکستان کے ناظم اعلیٰ علامہ میر آصف اکبر نے کہا ہے کہ دینی مدارس کے طلبہ میں کھیلوں کا شعور اجاگر کرنے کیلئے ایک جامع منصوبہ تشکیل دے رہے ہیں۔ اس ضمن میں نظام المدارس کے زیراہتمام ملک بھر میں مدارس دینیہ کے طلبہ کے درمیان کھیلوں کے مقابلے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پہلے مرحلے میں مدرسہ کرکٹ لیگ 2022 کے نام سے مدارس دینیہ کے طلبہ کے درمیان کرکٹ مقابلوں کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مدرسہ کرکٹ لیگ 2022 کا افتتاحی میچ 7 جون کو مظفر آباد (آزاد کشمیر) کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ نظام المدارس پاکستان ضلع مظفر آباد کی کرکٹ ٹیم اس کرکٹ لیگ میں مظفر آباد تھنڈر کے نام سے کرکٹ لیگ میں حصہ لے گی۔ نظام المدارس پاکستان مظفر آباد کے ضلعی کوآرڈینیٹر علامہ فاروق عبد اللہ نے کھلاڑیوں میں کرکٹ کٹ تقسیم کی۔
نظام المدارس پاکستان کے ناظم اعلیٰ علامہ میر آصف اکبر نے کہا ہے کہ دینی مدارس کے طلبہ کا کھیلوں میں حصہ لینا اصل خوشحالی اور حقیقی کامیابی ہے۔ مدارس دینیہ کی تعلیم طلبہ کو آگے لے جانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ مدارس دینیہ کی تعلیم ایک متوازن تعلیمی نظام ہے جو لوگوں کو دین سے جوڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کا مقصد نوجوانوں کو ایک بہترین شہری بنانا ہے۔ نظام المدارس پاکستان کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کو جدید سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام وسائل برؤے کار لائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نظام المدارس پاکستان کے تحت قائم ملک بھر میں مدارس دینیہ کے منتظمین کی مشاورت سے وہاں کھیلوں کی سہولیات مہیا کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کھیل نوجوانوں کو نظم و ضبط سکھاتے ہیں، جسمانی اور دماغی طور پر چاک و چوبند رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیل صحت مند زندگی کے حصول کیلئے نہایت ضروری ہے۔ کھیل صرف تفریح کا ذریعہ ہی نہیں بلکہ جسم کو چاک چوبند اور صحت مند بنانے کا ذریعہ بھی ہیں۔ کھیل انسان کی شخصیت کو سنوارنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ کھیل کود سے انسان میں فرمانبرداری، تحمل مزاجی، صبر اور قوت برداشت بڑھتی ہے۔
تبصرہ