نظام المدارس پاکستان کے زیر اہتمام پوزیشن ہولڈرز طلبہ و طالبات کے اعزاز میں تقریب

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، ڈی جی اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری، سید ضیا اللہ شاہ بخاری، ڈاکٹر فرید پراچہ کی شرکت
مدارس دینیہ اسلام کے قلعے ہیں: صدر منہاج القرآن انٹر نیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین
نظام المدارس نے سیرت طیبہ کو نصاب کا حصہ بنا کر بڑی دینی خدمت انجام دی: ڈاکٹر طاہر رضا بخاری
مدارس دینیہ کے نصاب کی تشکیل نو پر ڈاکٹر طاہرالقادری مبارک باد کے مستحق ہیں: ضیا ء اللہ شاہ بخاری
خرم نوا ز گنڈاپور، ڈاکٹر فرید پراچہ، علامہ توقیر عباس، ڈاکٹر نبیرہ عندلیب نعیمی، علامہ پروفیسر عبدالمنان چشتی کی شرکت

نظام المدارس پاکستان

لاہور (28 اگست 2022) نظام المدارس پاکستان کے زیراہتمام سالانہ امتحانات کے پوزیشن ہولڈرز طلبہ و طالبات کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منہاج یونیورسٹی لاہور کے بورڈ آف گورنرز کے ڈپٹی چیئرمین و صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا ہے کہ مدارس دینیہ اسلام کے قلعے اور معلم عالم حضور نبی اکرم ﷺ کی درسگاہ صفہ کی علمی میراث کے محافظ و وارث ہیں۔ مدارس دینیہ کی اہمیت، فضیلت اور ناگزیریت سے کوئی انکار نہیں کر سکتا اور نہ ہی ان مدارس کے علمی و فکری کردار کو محدود کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے مدارس دینیہ کے منتظمین سے کہا کہ مدارس کے نصاب کو عصری علمی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے حوالے سے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کیا جائے اور ان مدارس میں زیرتعلیم لاکھوں طلبہ و طالبات کو ترقی کے قومی دھارے میں شامل کرنے کے لیے انہیں دینی علوم کے ساتھ عصری علوم بھی پڑھائیں جائیں تاکہ وہ سوسائٹی میں اپنا باوقار دینی و سماجی کردار ادا کر سکیں۔

انہوں نے پوزیشن ہولڈرز طلبہ و طالبات کو شاندار کامیابی پر مبارکباد دی اور عصری تقاضوں کے مطابق نیا نصاب تیار کرکے نافذ کرنے پر نظام المدارس پاکستان کے صدر علامہ امداد حسین قادری، ناظم اعلیٰ علامہ میر آصف اکبر، ناظم امتحانات علامہ عین الحق بغدادی، ڈاکٹر شفاقت بغدادی الاظہری اور پوری ٹیم کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ مدارس دینیہ کے علمی وقار کی بحالی سے سوسائٹی میں فکری کجی، انتہا پسندی، متشدد رویوں اور فرقہ واریت کو ختم کرنے میں مدد ملے گی اور سوسائٹی کا امن بحال ہو گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر متحدہ جمعیت اہل حدیث پاکستان سید ضیاء اللہ شاہ بخاری نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے نظام المدارس پاکستان کے نصاب میں سیرت طیبہ کو بطور مضمون شامل کر کے دین کی خدمت کا حق ادا کر دیا۔ اگر سیرت طیبہ کو عملی نمونہ بنا لیا جائے تو تمام فتنے اور جھگڑے ختم ہو جائیں گے۔

ڈائریکٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نظام المدارس پاکستان کے نصاب میں سیرت الرسول ﷺ کو شامل کیے جانے پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ نظام المدارس پاکستان نے طلبہ کیلیے سیرت الرسول ﷺ کی تعلیم کو لازمی قرار دے کر بہت بڑی خدمت انجام دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بورڈ کیسا تھ الحاق کرنے والے ادارے باب مدینۃ العلم کا درجہ پائیں گے۔

ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے معاشرے میں جدید دینی تعلیم کی طلب اور پیاس موجود تھی، ڈاکٹر طاہر القادری کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے نظام المدارس کی شکل میں یہ طلب اور پیاس بجھائی ہے۔

علامہ توقیر عباس نے کہا کہ نظام المدارس پاکستان کے نظام تعلیم میں دینی اور جدید دنیاوی علوم کو جمع کیا جانا اس کی انفرادیت ہے۔ سب سے بڑھ کر یہ کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سر پرستی نے نظام المدارس کو چار چاند لگا دئیے ہیں۔

ناظم اعلیٰ منہاج ا لقرآن انٹرنیشنل خرم نوازگنڈاپور نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ نظام المدارس پاکستان کی گزشتہ سال کی کارکردگی اور جدید نظام تعلیم کے مطابق امتحانات کا انعقاد بہت بڑی کامیابی اور بہترین کارکردگی ہے اس پر میں جملہ منتظمین کو مبارکباد دیتا ہوں اور تقریب میں شریک ہونے والے علمائے کرام کو خوش آمدید کہتا ہوں۔

ناظم اعلیٰ نظام المدارس پاکستان علامہ میر آصف اکبر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 3 سو سال پرانے درس نظامی کے نصاب کی تشکیل نو شیخ الاسلام کا ایک اور عظیم تجدیدی کام ہے، نظام المدارس کے منفرد، ممتاز اور جدید نظام تعلیم نے مدارس دینیہ کی دنیا میں علمی و فکری انقلاب کی بنیاد رکھ دی ہے۔

ناظم امتحانات نظام المدارس پاکستان علامہ عین الحق بغدادی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ نظام المدارس کے نصاب میں ادب، حقوق و فرائض اور اخلاقی تربیت اور کردار سازی کے حوالے سے خصوصی طور پر مواد شامل کیا گیا ہے، یہی اس کے نصاب کی انفرادیت اور جاذبیت ہے۔ نظام المدارس پاکستان نے پہلی بار مدارس دینیہ سے منسلک معلمین کی ٹریننگ کا سلسلہ بھی شروع کیا ہے۔

پروفیسر عبدالمنان چشتی نے کہا کہ نظام المدارس پاکستان کیلئے اعزاز کی بات ہے کہ نظام المدارس کے پلیٹ فارم سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی مکمل رہنمائی میں صدیوں پرانے نصاب کو ازسر نو مرتب کیا گیا ہے۔

ڈاکٹر نبیرہ عندلیب نعیمی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اصلاح شدہ نصاب کے ذریعے تنگ نظری کو ختم کرنے میں مدد ملے گی اور سوسائٹی میں امن، برداشت کا کلچر پروان چڑھے گا۔

تقریب سے ڈاکٹر شفاقت علی بغدادی نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں راجہ زاہد محمود، علامہ امداد اللہ قادری، ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی، علامہ اشفاق چشتی، شہزاد رسول قادری، شعیب طاہر، علامہ محمود مسعود قادری، نائب صدر ویمن لیگ سدرہ کرامت، عائشہ مبشر اور و دیگر قائدین نے شرکت کی۔

تقریب کے اختتام پر صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، نائب صدر برگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان، ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور اور دیگر مہمانانِ گرامی نے پوزیشن ہولڈر طلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کئے۔

تبصرہ