جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن کے زیر اہتمام بین المدارس کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد

مختلف جامعات کی دس ٹیموں نے ٹورنامنٹ میں حصہ لیا، پرجوش کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کیا
جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن کے اساتذہ نے خود باؤلنگ اور بیٹنگ کرکے ٹورنامنٹ کا باقاعدہ آغاز کیا
دارالعلوم اسلامیہ کی کرکٹ ٹیم فاتح جبکہ جامعہ نعیمیہ کی کرکٹ ٹیم نے دوسری پوزیشن حاصل کی
محمد حمزہ بہترین بیٹسمین، محمد حماد رفیق بہترین باؤلر، انعام محمد مسعود پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار پائے
پرنسپل جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی نے جیتنے والی ٹیموں کو مبارکباد دی

Cricket tournament netween Madaris

لاہور(27 اکتوبر 2022ء) جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن کے زیراہتمام ایک روزہ بین المدارس کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا۔ منہاج گراؤنڈ میں منعقدہ کرکٹ ٹورنامنٹ میں جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن، جامعہ اشرفیہ، جامعہ نعیمہ، دارالعلوم مدینہ، جامعہ ہجویریاں، دارالعلوم اسلامیہ، جامعہ غوثیہ، جامعہ غوث العلوم، قرآن اکیڈمی، جامعہ صدیقہ سمیت دس ٹیموں نے حصہ لیا۔ طلبہ نے اپنے اساتذہ کی رہنمائی میں کرکٹ ٹورنامنٹ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ اساتذہ طلباء کے شاندار کھیل سے لطف اندوز ہوئے اور خوب داد بھی دی۔ پرجوش کھلاڑیوں نے دلچسپ اور بہترین کارکردگی دکھائی۔ صدر منہاج سپورٹس کلب عماد الدین نے کرکٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی ٹیموں اور مہمانوں کو استقبالیہ کلمات میں خوش آمدید کہا۔ اساتذہ نے خود باؤلنگ اور بیٹنگ کرکے ٹورنامنٹ کا آغاز کیا۔ ٹورنامنٹ میں پرنسپل جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی، ڈاکٹر محمد اکرم رانا، انجینئر محمد رفیق نجم، مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی، ڈائریکٹر سپورٹس منہاج یونیورسٹی اقبال مرتضی حیدر، فہد سرور، چوہدری منیر حسین سمیت اساتذہ اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پرنسپل جامعہ اسلامیہ ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی نے کہا کہ تعلیم ترقی کا واحد زینہ ہے۔ کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی نے کہا کہ صحت مند زندگی گزارنے کے لئے صحت مند جسم کا ہونا ضروری ہے۔ ایسی غیر نصابی سرگرمیوں کا انعقاد طلباء کے لئے بہت اہمیت کا حامل ہے۔ اسکول و کالجز میں سپورٹس تقریبات کے انعقاد سے کھیلوں کی نرسری تیار ہوتی ہے۔ اس طرح کے مقابلوں سے طلباء کی صلاحتیں ابھر کر سامنے آتی ہیں۔ ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی نے جیتنے والے کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے رنر اپ کھلاڑیوں کے حوصلے کی تعریف کی اور کہا کہ سپورٹس ہمیں سپورٹس مین شپ سکھاتی ہے۔

جامعہ نعیمہ اور دارالعلوم اسلامیہ کے درمیان ٹورنامنٹ کا فائنل کھیلا گیا۔ دارالعلوم اسلامیہ کی ٹیم نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ دارالعلوم اسلامیہ کے محمد حمزہ بہترین بیٹسمین، جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن کے محمد حماد رفیق بہترین باؤلر جبکہ جامعہ نعیمہ لاہور کے انعام محمد مسعود ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ ٹورنامنٹ کے اختتام پر جیتے والی ٹیموں کو اور شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔

Cricket tournament netween Madaris

تبصرہ